Sunday, November 29, 2015

Eibar 0 - 2 Real Madrid

ریال میڈرڈ نے ایک اور بے جان اور بے ربط کارکردگی دکھا کر انفرادی قابلیت کی بنا پر میچ اپنے نام کیا۔ میچ کی ریال میڈرڈ کے لحاظ سے اچھی بات گیرتھ بیل کی پرفارمنس رہی جو اپنے ردھم میں دکھائی دیتے ہیں جنہوں نے پہلا گول بھی کیا۔


میڈرڈ کی ٹیم بکھری بکھری رہی اور ایک اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کرنے میں ایک بار پھر ناکام رہی۔ موڈریچ کی حسب معمول عمدہ پرفارمنس کے ساتھ کواسچ نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی تاہم ٹونی کروس اور ہامیز دونوں بجھے بجھے دکھائی دیے اور کوچ کے ٹیکٹس سے ہم آہنگ نہیں دکھائی دیتے جبکہ یہی ہامیز تھے جو انچلوٹی کے ہوتے ٹیم کے اٹیک کی جان تھے۔

ایک بار پھر کوچ پر سوال اٹھ رہے ہیں کہ پہلے ٹیم میں تال میل نہیں دکھ رہا، دوسرا کھلاڑیوں کی تبدیلی عجیب منطق کے تحت ہوتی ہے کہ پہلے کواسچ کو واپس بلا گیا اور آخری دس منٹ میں جب کاروایال ان فٹ ہوئے تو بجائے اس کے کہ اربیلوا کو بھیجا جاتا کیونکہ دانی چوتھے دفاعی کھلاڑی ہیں جو زخمی ہو کر باہر گئے ہیں اور اس صورت میں اربیلوا کچھ پریکٹس حاصل کرلیتے لیکن اس کی بجائے بنزیما کو بھیجا گیا اور آخری دس منٹ میڈرڈ نے کسی ماہر لیفٹ بیک کے بغیر کھیلے اور لوکاس ویزکاز کو جزوقتی دفاعی کھلاڑی بننا پڑا - یاد رہے اریبیلوا لیور پول کی اس ٹیم میں تھے جو رفا بینیتز نے کوچ کی تھی اور ان میں ایک شاوی آلونسو بھی تھے جس نے آخری کانٹریکٹ میڈرڈ کے ساتھ اس وجہ سے ملتوی کر دیا تھا کہ کہیں میڈرڈ اس کے پرانے کوچ رفا بنیتیز کو میڈرڈ کا کوچ نہ مقرر کر دے۔ بہرحال اگر کوئی سخت ٹیم ہوتی بنیتیز کا یہ فیصلہ جان کو آ سکتا تھا اور آئیبار نے کمزور ٹیم ہونے کے باوجود اس دس منٹوں میں اسی طرف سے تین چار حملے کر دیے۔ ایک طرف تو کوچ نے اٹیکنگ مڈفیلڈر کو بلا کر دفاعی مڈفیلڈر بھیج دیے دوسری طرف کل وقتی دفاعئ کھلاڑی کو بھیجنا ہی مناسب نہیں سمجھا۔

بہرحال میڈرڈ ایک بار پھر اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی ہے اور شائقین کو آیندہ برے نتائج کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

No comments:

Post a Comment